ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بغیر پختہ ثبوت اورانکوائری کے دہشت گردی کے معاملے میں ملوث کرنا غیر منصفانہ عمل :مولانامحمودمدنی

بغیر پختہ ثبوت اورانکوائری کے دہشت گردی کے معاملے میں ملوث کرنا غیر منصفانہ عمل :مولانامحمودمدنی

Tue, 12 Jul 2016 18:57:30  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 12؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمود مدنی نے ذاکر نائیک کے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کو غلط بتاتے ہوئے منصفانہ رویہ اپنانے کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے ۔انھو ں نے کہا کہ ذاکر نائیک اپنے طور پرتقابل ادیان کے تناظرمیں اسلام کی تبلیغ کرتے ہیں،لیکن ان کی تمام باتوں سے اتفاق نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی وہ علماء کے طبقے اور مدار س کی نمایندگی کرتے ہیں اور نہ ان کی ہر بات کو پوری ملت اسلامیہ ہند کی حمایت حاصل ہے، تاہم دہشت گردی کا معاملہ بالکل دوسرا ہے ، اس سے ملک کی سالمیت ، استحکام اور امن کا مسئلہ سیدھا سیدھا جڑا ہوا ہے، اس لیے کسی بھی آدمی کو بغیر پختہ ثبوت اورانکوائری کے دہشت گردی کے معاملے میں ملوث کرنا غیر منصفانہ عمل ہے۔ ذاکر نائیک کی بہت سی باتو ں سے مختلف مسالک کے اہل علم کو شدید اختلاف ہے اور بعض ان کے انداز بیان کو بھی پسند نہیں کرتے ہیں ، لیکن یہ معاملہ دہشت گردی سے بالکل الگ ہے ۔ذاکر نائیک ہندستان کے ایک شہری ہیں ، اس ناتے ملک کے مفاد اور تحفظ کے نام پر کسی بھی اقدام کے لیے پختہ ثبوت اورمنصفانہ انکوائری کی ضرورت ہے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ ملک کے امن و استحکام کے تحفظ کے معاملے میں مذہب اور فرقے کو دیکھ کر کارروائی نہیں ہو نی چاہیے بلکہ انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر غیر جانب داری اور انصاف پر مبنی ہی اقدام کیا جانا چاہیے ۔


Share: